پی ایس ایل: ملتان سلطانز نے اسلام آباد کو شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی

34

ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 9 کے پانچویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ ملتان سلطانز نے اسلام آباد کی جانب سے دیا گیا 145 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کرلیا۔

ملتان میں ہونے والے پی ایس ایل 9 کے پانچویں میچ میں ملتان سلطانز کےکپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، شاہ نواز دھانی کی جگہ اولے اسٹون کو شامل کیا گیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی، حیدر علی کی جگہ جارڈن کاکس کو شامل کیا گیا۔

ملتان سلطانز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ مقررہ 20 اوورز میں 144 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے آغا سلمان 52 اور جارڈن کاکس 41 رنز بناکر نمایاں رہے۔اس کے علاوہ اعظم خان 13، شاداب خان 11،کولن منرو 8 اور ایلکس ہیلز 2 رنز بنا سکے۔

عماد وسیم صفر، فہیم اشرف 1اور نسیم شاہ 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، یوں پوری ٹیم 20 اوورز میں 144 رنز بناسکی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے محمد علی اور عباس آفریدی نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، اسامہ میر نے 2 اور ڈیوڈ ولی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 145 رنز کا ہدف ملتان سلطانز نے آخری اوور میں حاصل کرلیا، ریزا ہینڈرکس 58 اور محمد رضوان نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔یاسر خان 8 ، خوشدل شاہ 3 اور ڈیوڈ ملان صفر پر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد کی جانب سے نسیم شاہ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عماد وسیم ، ٹائمل ملز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ ملتان سلطانز کی ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی ہے، وہ 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.