کے الیکٹرک کو حکومتی تحویل میں لیا جائے ،وائس چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ
وائس چیئرمین شاہد فراز کی سربراہی میں مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کی مرکزی کابینہ نے کراچی پریس کلب پر پریس کانفرنس کے ذریعے صحافیوں کو آگاہ کیا کہ ان کی جماعت نے کے الیکٹرک کے خلاف شہر میں مقیم ہر فرد اور سیاسی جماعت کو کے الیکٹرک سے چھٹکارہ حاصل کرنے کی مہم میں شرکت کی دعوت دی ہے جس کیلئے عوامی ریفرنڈم کا بھی اعلان کیا ہے۔
ریفرنڈم کیلئے شہر کے مختلف مقامات پر 27 مئی اور 28 مئی کو آگاہی کیمپ لگائے جائینگے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ملک میں بجلی کی بلنگ فیس کے زریعے کی جاتی ہے لیکن کراچی میں جو میٹر فراہم کئے گئے ان پر نیوٹل پر سینسر لگایا گیا یعنی کراچی پر بلنگ نیوٹل پر کی گئی جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ جن گھروں میں 150 یونٹ تک کا بل آتا تھا وہاں 600 سے 700 تک کا بل آنے لگا کراچی کے نوجوان انجینئرز نے ایک تجربہ کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ اگر نیوٹل پر بلنگ کی جائے تو میٹر کتنا زیادہ تیز چلنا شروع ہوجاتا ہے اور ایک تفصیلی ویڈیو بھی اس حوالے سے بناکر یو ٹیوب پر بھی اپ لوڈ کی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کو کس طرح دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے۔
مہاجر قومی موومنٹ کے رہنما نے بتایا کہ افسوس یہ ہے لوٹنے کا سلسلہ صرف یہاں ختم نہیں ہوگیا ہر ماہ کے الیکٹرک اپنے صارفین کو لاکھوں روپے کے ایکسٹرا بلنگ کر دیتی ہے،پھر آپ چاہے جو در کھٹکھٹالیں کہیں آپ کی سنوائی نہیں ہوتی کہیں آپ کو انصاف نہیں ملتا آخر میں کے الیکٹرک کی انتظامیہ آپ پر احسان کرتے ہوئے ان بلوں کی اقساط کردیتی ہے اور آپ مجبور ہوجاتے ہیں وہ جبری غنڈہ ٹیکس بھرنے پر جو کبھی ختم نہیں ہوتا آپ جتنی اقساط کو ادا کردیں آپ کا بل جوں کے توں رہتے ہیں۔
جبکہ کے الیکٹرک انہی ڈیوز کو بنیاد بناکر بدترین لوڈشیڈنگ کرتی ہے کہیں 6 گھنٹے تو کہیں 8،12 اور 16 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے،گرمی کے ستائے ہوئے شہریوں کو رات رات بھر جاگنے پر مجبور کر دیا جاتا ہے۔
شاہد فراز نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک خود سب سے بڑا حکومتی نادہندہ ہے NTDC کو 662 ارب روپے تو سوئی سدرن گیس کمپنی کو 117 ارب تو کراچی کے صارفین سے اضافی بلوں کی مد میں 64 ارب حکومت پاکستان کو ادا کرنے ہیں اتنی بڑی رقم کی وصولی کیلئے کوئی ادارہ حرکت میں نہیں آتا جبکہ کراچی کے صارفین کے ساتھ 5000 ہزار کے واجبات کیلئے پوری ٹیم بمعہ موبائل اس گھر پہنچ جاتی ہے اور معمولی سی مزاحمت پر موبائل میں دھکیل دیا جاتا ہے۔