لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کا سولڈ ویسٹ کے ادارے کو ختم کرکے صفائی ستھرائی کا اختیار دوبارہ بلدیاتی اداروں کو دینے کا مطالبہ

19

آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن سندھ کا اہم تنظیمی اجلاس کراچی پریس کلب میں صوبائی و مرکزی چیئرمین سید ذوالفقار شاہ کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں صوبائی عہدیداروں، ڈویژنل عہدیداروں اور صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے مرکزی عہدیداروں نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبائی بجٹ، تنخواہوں میں اضافے، آن لائن ٹریژری سے تنخواہوں کی ادائیگی، ملازمین کے زیر التواء پروموشن، ٹائم اسکیل کی منظوری، ریٹائرمنٹ واجبات کی بروقت ادائیگی، فوتگی کوٹے پر متعلقہ کونسل کو بھرتی کا اختیار دینے، ڈیلی ویجرز کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی، علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہم، سپریم کورٹ کے OPS، نان کیڈر، آﺅٹ آف ٹرن پروموشن کے فیصلے پر عملدرآمد کروانے، واٹر بورڈ کی پرائیوٹائزیشن، OZT گرانٹ میں اخراجات کے تناسب سے اضافے، فائر بریگیڈ کے عملے کے اوورٹائم کی ادائیگی اور ملازمین کی ہاﺅسنگ اسکیم کے سلسلے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس سے صوبائی عہدیداروں، جنرل سیکریٹری اکرمر اجپوت، علی مردان شیخ، قلندر بخش شاہانی، کرم علی براہمانی، قمبر قریشی، عبدالمجید جسکانی، حیدر بخش ملاح، سید عنایت حسین شاہ، حنیف لاسی، نواز جمانی، پنھل مگسی، اکرام خان، راجہ عاصم شہزاد، مظہر عباسی، گل اسلام، ملک اعجاز، عمران علی، ریحان قاضی، عباس احمد، محمد نذیر نے خطاب کرتے ہوئے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔

 جنہیں قرارداد کی صورت میں صدر سید ذوالفقار شاہ نے منظوری کیلئے حاضرین کے سامنے پیش کیا جس کا منظوری کے بعد اعلان کیا گیا ۔

صوبائی صدر سید ذوالفقار شاہ نے کانفرنس میں پریس بریفنگ کے دوران آگاہ کیا کہ بجٹ میں مہنگائی کے تناسب سے ایک تولہ سونے کے برابر اضافہ کرنے، بلدیاتی ملازمین کے ٹائم اسکیل پروموشنز کی منظوری دینے، آن لائن ٹریژری سے تنخواہوں کے وعدے کے مطابق ادائیگی کرنے، ڈیلی ویجرز کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے، ریٹائرمنٹ واجبات گریجویٹی کی فوری ادائیگی کرنے، گروپ انشورنس کی ریٹائرمنٹ پر ادائیگی کرنے، فوتگی کوٹے پر متعلقہ کونسل کو بھرتی کا اختیار دینے، سولڈ ویسٹ کے ادارے کو ختم کرکے صفائی ستھرائی کا اختیار دوبارہ بلدیاتی اداروں کو دینے، ملازمین کو علاج معالجے کی سہولت دینے اور میڈیکل انشورنس کرنے، ہاﺅسنگ اسکیم کا اجراء کرنے، واٹر بورڈ کی پرائیوٹائزیشن، OPS، ایکس کیڈر، نان کیڈر، آﺅٹ آف ٹرن پروموشن کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد کرنے کے مطالبات کی منظوری دی گئی۔

اس سلسلے میں مطالبات کے حق میں 6 جون سے روزانہ سندھ بھر کے بلدیاتی اداروں و پریس کلبوں پر احتجاج ریکارڈ کروانے اور ٹریژری سے تنخواہوں کی ادائیگی پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے سندھ ہائی کورٹ کے حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص، لاڑکانہ سرکٹ اور کراچی پرنسپل برانچ میں پٹیشن دائر کرنے اور OPS پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے پٹیشن دائر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.