کراچی کا میئر پیپلز پارٹی کا جیالا ہی بنے گا، سینیٹر وقار مہدی
پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ بیک ڈور سے میئر بننے کے خواب دیکھنے والوں کا مقدر ناکامی ہے، ضمنی بلدیاتی الیکشن کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد کراچی کا میئر پیپلز پارٹی کا جیالا ہی بنے گا اگر جماعت اسلامی ڈپٹی میئر بنے کے لیے پیپلز پارٹی کو درخواست کرے گی تو پارٹی اس پر غور کرے گی۔
لیاری ٹاؤن یو سی 2 بہار کالونی میں پولنگ کیمپوں کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سے شکست کھانے والے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور اپنی ناکامی کو جھوٹے پروپیگنڈہ میں چھپانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دھاندھلی میں نہیں بلکہ شفاف انتخابات اور خدمتِ عوام پر یقین رکھتی ہے اور ملک میں جب کبھی بھی صاف و شفاف اور منصفانہ انتخابات منعقد ہوئے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی ہی بڑی اکثریت سے کامیاب ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ کراچی کی 11 یونین کونسلوں میں بھی فتح پاکستان پیپلز پارٹی کی ہوگی۔
سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ کراچی کی 11 یونین کاوَنسلوں میں پولنگ کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے 7 ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات کیے گئے تھے اور پورا پولنگ کا عمل پرامن و صاف شفاف انداز میں جاری رہا اور آج کے ضمنی الیکشن میں کراچی کے عوام پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔