مزدوروں کے حقوق انکی دہلیز تک پہنچائیں گے: سعید غنی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و صدر پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ ہماری بھرپور کوشش ہونی چاہیے کہ ہم قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے محنت کشوں اور مزدوروں ساتھیوں کے حقوق ان کی دہلیز تک فراہم کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پی آئی اے پیپلز یونیٹی سی بی اے کو ریفرنڈم میں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرنے ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر پی آئی اے پیپلز یونیٹی کے صدر ہدایت اللہ خان، ڈپٹی جنرل سیکریٹری رفیق خان امازئی، محمد اقبال، اسد چانڈیو، قائم الدین، انفارمیشن سیکرٹری ناظم خان، بلال جان، و دیگر موجود تھے۔
صوبائی وزیر نے کامیاب ہونے والوں کو مبارک باد پیش کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کامیاب تمام عہدیداران مزدوروں اور محنت کشوں کے حقوق کے لئے بھرپور خدمات انجام دیں گے۔ سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور مزدوروں اور محنت کشوں کو ان کے حقوق دلوانا ہے اور ہماری بھرپور کوشش ہونی چاہیے کہ ہم قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے محنت کشوں اور مزدوروں ساتھیوں کے حقوق ان کی دہلیز تک فراہم کریں۔
اس موقع پر پی آئی اے پیپلز یونیٹی کے نومنتخب صدر ہدایت اللہ خان نے کہا کہن پی آئی اے پیپلز یونیٹی نے ہمیشہ مزدوروں اور محنت کشوں کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ آئندہ بھی ہم اپنی جدوجہد اور خدمت سے کامیابی حاصل کرتے رہیں گے۔