نگراں وزیر صحت، سماجی بہبود و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز کے مختلف سرکاری اسپتالوں کے اچانک دورے جاری ہے۔ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے سیکریٹری صحت سندھ منصور عباس رضوی کے ہمراہ سول اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کا اچانک دورہ کیا۔
اس موقع پر نگراں وزیر صحت سندھ نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور مریضوں سے اسپتال انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ طبی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے ایمرجنسی وارڈ انچارج کی غیر موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوران ڈیوٹی اپنی ڈیوٹی سے غیرموجودگی کا رویہ افسوسناک ہے جس کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے
انہوں نے ایمرجنسی وارڈ میں مریض کے ساتھ ایک سے زائد تیماردار کی موجودگی پر بھی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایات دیں کہ ایمرجنسی سمیت کسی وارڈ میں مریض کے ساتھ ایک سے زائد تیماردار موجود نہیں ہونا چاہیے جبکہ تیمارداروں کو بھی عملے کے ساتھ بدتمیزی قابل قبول نہیں ہے۔
انہوں نے صفائی ستھرائی کے انتظامات پہلے سے بہتر بنانے پر انتظامیہ شاباش دی اور مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
مزید براں ڈاکٹر سعد خالد نے سیکریٹری صحت سندھ کے ہمراہ سندھ انسٹیٹیوٹ آف انڈوسکوپی اینڈ گیسٹرولاجی وارڈ کا بھی دورہ کیا اور حکومت سندھ اور ڈونرز کے اشتراک سے قائم جدید وارڈ میں بین الاقوامی سطور سے آراستہ ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ افسران و عملے کی ذاتی دلچسپی سے بھی بگڑی چیزوں کو بہتر کرنے میں مدد ملتی ہے۔
دریں اثناء نگراں وزیر صحت نے ایم آر آئی، سی ٹی اسکین سیکشن میں جدید مشین کے خراب ہونے کی خبر کا بھی نوٹس لیتے ہوئے ایم آر آئی سیکشن کا دورہ کیا اور ناقص انتظامات، کھانے پینے کی اشیاء کی موجودگی اور چوہوں کی جانب سے جدید مشین کی تاروں کو نقصان پہنچانے پر آر ایم او ایڈمن کی سرزنش کی اور میڈیکل سپرنٹنڈینٹ سول اسپتال ڈاکٹر خالد کو موقع پر طلب کرلیا۔
انہوں نے ایم ایس سول اسپتال کو فوری انکوائری رپورٹ پیش کرنے اور نشاندہی کیے گئے تمام مسائل کو فوری حل کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
انہوں نے کہا کہ اسپتالوں کے معاملات کو جانچنے کے لیے اسپتالوں کے اچانک دورے کررہا ہوں اور ایم ایس سمیت غفلت برتنے والے کسی بھی عملے کی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔
یاد رہے کہ نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے گذشتہ روز سندھ گورنمنٹ اسپتال کورنگی نمبر 5 کا اچانک دورہ بھی کیا تھا۔