بلدیہ کورنگی انتظامیہ نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملازمین کی پریشانیوں میں اضافہ کردیا ہے، عبدالجمیل خان
چئیرمین ٹی ایم سی لانڈھی عبدالجمیل خان نے بلدیہ کورنگی بالخصوص لانڈھی ٹاون کے تمام ملازمین کی تنخواہیں 16ستمبر تک نہ ہونے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیہ کورنگی انتظامیہ نے انتہائی غیرذمہ داری اور کوتاہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملازمین کے گھروں میں پریشانیوں کا اضافہ کردیاہے۔
بلدیہ کورنگی کی انتظامیہ کو خدا کاخوف بھی نہیں ہے کہ غریب ملازمین کس حال اور پریشانیوں میں مبتلا ہوچکے ہیں ان کے گھروں میں فاقے ہورہے ہیں کوئی ملازم اپنے بچوں کے علاج کے لئے اپنی سواری بیچنے پر مجبور ہے تو کوئی صبح شام مالک مکان سے کرایہ نہ دینے پر ذلیل ہورہا ہے کسی کے کو اسکولوں سے فیس کی عدم ادائیگی پر اسکولوں سے نکال دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ ٹرانزیشن پیریڈ کو ختم کرکے اختیارات منتخب نمائندوں کے حوالے کرے تاکہ بلدیہ کورنگی اور بالخصوص لانڈھی ٹاون کے تمام ملازمین کو ان بے حس اور غیرذمہ دار افسران سے نجات ملے جو ہر ماہ ملازمین کو تنخواہوں کی فراہمی میں تاخیری حربے استعمال کرکے ملازمین کو پریشان کرتے ہیں۔