ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی محمد اسحاق کھوڑو نے کہا ہے کہ شہر کو بے ہنگم کنکریٹ کا جنگل نہیں بننے دیں گے، پہلے ہی کہا تھا کہ شہری ٹھیکیدار بلڈر مافیا کے دھوکے میں اپنے سرمائے کو برباد نہ کریں ،رہائشی پلاٹ پر کمرشل پلازہ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے سدباب کے لئے حوصلہ شکن انہدامی مہم جاری رہے گی۔
اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے اسحاق کھوڑو کی ہدایت پر ڈیمالیشن اسکواڈ کی جانب سے ہفتے کو دفتری تعطیل میں بھی شہر کے مختلف علاقوں میں نان اسٹاپ انہدامی کارروائی کا سلسلہ جاری رہا
اس دوران غیر قانونی اضافی منزلوں اور پورشنز سمیت خلاف ضابطہ شادی ہال کو بھی منہدم کردیا، انہدام میں بھاری مشینری کا استعمال بھی کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیمالیشن اسکواڈ کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ ایسٹ میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی ایڈمن ایمپلائز سی ایچ ایس میں پلاٹ نمبر A-273 , بلاک 07 ، اور پلاٹ نمبر B-255 ، بلاک 06 پر تیسری اور چوتھی منزل کی آر سی سی چھت و کالمز اور پلاٹ نمبر A-157/1 ، بلاک 06، پر تیسری منزل کی آرسی سی چھت کو منہدم کردیا جبکہ پلاٹ نمبر 223 دار الامان سوسائٹی بلاک 03 ، کے سی ایچ ایس یونین پر دوسری اور تیسری منزل کی آرسی سی چھت و کالمز کو منہدم کردیا گیا۔
علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ کورنگی میں پلاٹ نمبر 37 ، لیاقت ایونیو ،ماڈل کالونی پر غیر قانونی شادی ہال کو مکمل منہدم کردیا گیا۔
انہدامی عمل میں گیس کٹر اور بھاری مشینری کا استعمال بھی کیا گیا ۔
مذکورہ بالا انہدامی کارروائی متعلقہ ڈپٹی و اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ڈیمالیشن آفیسرز کی زیر نگرانی عمل میں لائی گئی جبکہ اس دوران امن و امان کو قابو میں رکھنے کے لئے ایس بی سی اے پولیس فورس اور مقامی پولیس کی نفری بھی ان کے ہمراہ وہاں موجود تھی۔