پاکستان کے روشن مستقبل کے لئے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری لازمی ہے، قاسم نوید قمر
ٹنڈو محمد خان کے ضلعی چیئرمین اور سابق وزیراعلیٰ سندھ کے اسپیشل اسسٹنٹ قاسم نوید قمر نے کہا ہے کے پاکستان کے روشن مستقبل کے لئے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری ایک امید ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ہمیشہ لوگوں نے ہمارا ساتھ دیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آنے والے انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرے کی اور بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم بنیں گے۔
یہ بات انہوں نے کراچی میں اپنے جاری کردہ بیان میں کہی ۔ قاسم نوید قمر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہماری قائد شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نقشہ قدم پر چلتے ہوئے بطور ملک کے وزیر خارجہ پاکستان کی بہترین نمائندگی کی اور دوست ممالک سمیت دیگر ممالک کے ساتھ اچھے مراسم قائم کئے۔ قاسم نوید نے کہا کہ صنعتی ترقی کے لئے پیپلز پارٹی حکومت نے بھر پور کام کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت اور رہنمائی میں سندھ میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دیا گیا۔
قاسم نوید نے کہا کہ تھر پارکر میں پی پی پی موڈ کے تحت کوئلے سے بجلی بنانے کے پلانٹس لگائے گئے جس کے باعث پاکستان بھر کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کو کم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ ہم نے دھابیجی اکنامک زون اور خیرپور اکنامک زون قائم کئے اور صوبے کے بڑے شہروں میں جدید بسوں کی سروس شروع کی گئی اور شہر کراچی مختلف بی آر ٹیز چلائی گئیں اور کے سی آر کا منصوبہ تیار کیا گیا۔
قاسم نوید قمر نے کہا کہ پاکستان میں آج تک کسی صوبائی حکومت نے دریا پر پل تعمیر نہیں کروایا مگر سندھ حکومت نے اپنے بجٹ سے دریائے سندھ پر جھرک تا ٹنڈو محمد خان مقام پر ملاں کاتیار پل تعمیر کیا اور دوسرا پل گھوٹکی-کندھ کوٹ تیاری کے مراحل میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے عوام کی سہولت کے مدنظر صوبے بھر میں سڑکوں کا جال بچھایا اور سڑکیں، پل، فلائی اوورز اور انڈرپاسز تعمیر کروائے۔
امید ظاہر کرتے ہوئے سید قاسم نوید نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی طرح عام انتخابات میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی شاندار کامیابی حاصل کرے گی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملک کے وزیراعظم کے طور پر حلف اٹھائینگے۔