خاتون کے خودکشی کے واقعے کا ڈراپ سین، شوہر اور سسر قتل میں ملوث
پشاور:گزشتہ روز خاتون کی خودکشی کے واقعے کاڈراپ سین ہو گیا،قتل میں شوہر اورسسر ملوث نکلے۔
ملزمان کی شناخت نور خان ولد علی گل اور علی گل ولد گل رحمن کے ناموں سے ہوئی ہے۔اس حوالے سے کیپیٹل سٹی پولیس پشاورکا کہنا تھا کہ علاقے میں پولیس کواطلاع ملی کہ خاتون نے خودکشی کی، خاتون کے شوہر نورخان اور سسر علی گل کو گرفتار کیا گیا،ملزمان نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا ،پولیس کے مطابق ملزمان نے واقعے کوخودکشی کا رنگ دینے کیلئے قتل کے بعد خاتون کا میک اپ بھی کیا۔
شوہرنے گردن سے رسی کے نشان چھپانے کے لئے میک اپ کیا۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے تھانہ خزانہ کے علاقہ میں اپنی بیوی کو پھانسی دے کر قتل کرنے کے بعد خودکشی کا ڈرامہ رچانے پر ایس ایس پی آپریشنز کاشف افتاب عباسی نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی رورل ڈویژن ظفر احمد خان کی نگرانی میں ڈی ایس پی رورل جاوید خان،ایس ایچ او تھانہ خزانہ صدام خان اور تفتیشی آفیسر پر مشتمل خصوصی ٹیم نے ملوث ملزمان کی فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا کر چند گھنٹوں کے اندر اندر گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان نے پولیس تفتیشی میں بتایا کہ گھریلو ناچاقی پر پھانسی دیکر قتل کیا گیا ہے ۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
مقتولہ کے شوہر نے پولیس کو بتایا کہ اس کو اپنی بیوی پر مسلسل شک تھا جس کی بنا پر اس نے والد کے ساتھ مل کر اپنی بیوی کے گلے میں رسی ڈال کر قتل کیا۔