زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں ، ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی نوید انور صدیقی
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی نوید انور نے کہا ہے کہ کے ڈی اے آکشن سے حاصل کردہ پلاٹس کی الاٹیز کی جانب سے صرف 25 فیصد ادائیگی کی گئی جبکہ عرصہ دراز سے کے ڈی اے کے بقایاجات الاٹیز کی جانب سے ادا نہیں کئے گئے ایسے تمام پلاٹس منسوخ کردیئے گئے ہیں اور ان کو سرکاری تحویل میں لینے کا عمل شروع کیا جارہا ہے۔
ترجمان ادارہ ترقیات کراچی کے مطابق ڈی جی کے ڈی اے نوید انور نے سینئر ڈائریکٹر لینڈ کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس سرکاری اراضی کی نیلامی کے لئے اقدامات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے اورمزید نیلامی کیلئے اراضیوں کی نشاندہی کرکے آئینی قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے نیلامی کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔
رہائشی، کمرشل، صنعتی، فلیٹ سائٹ اور رفاہی پلاٹوں کے مالکان کو بقایاجات کی ادائیگی کے لئے نوٹسز کے ذریعے باور کرایا جائے گا کہ بقایاجات کی ادائیگی مقررہ وقت کی جائے۔
واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں نادہندہ الاٹیز کے پلاٹس منسوخ کردیئے جائیں گے۔
کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے لازم ہے کہ عملی اقدامات کئے جائیں۔
نادہندہ کو آخری بار تنبیہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر بقایاجات کی ادائیگی یقینی بنائیں بصورت دیگر ادارہ ترقیات کراچی قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ڈی جی کے ڈی اے نوید انور نے ڈائریکٹر آئی ٹی اور ڈائریکٹر لینڈ کو ہدایت کی کہ لینڈ ڈپارٹمنٹ کو مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ کرنے کا عمل جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔
انہوں نے پروجیکٹ ڈائریکٹر لائنز ایریا کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پارکنگ پلازہ کو فعال کرنے کے لئے مثبت تجاویز و آراء مرتب کرکے کی تفصیلی رپورٹ تین دن کے اندر فراہم کی جائے۔
ڈی جی کے ڈی اے نے ڈائریکٹر ریکوری کو ہدایت جاری کی کہ بقایا جات کی ادائیگی سمیت ہر ممکنہ ذرائع آمدن میں اضافہ کے وسائل کو بھرپور استعمال کیا جائے جبکہ شہریوں کیلئے نئی و سستی رہائشی اسکیم کو عملی شکل دینے کے لئے منصوبہ بندی کی جائے۔
ادارہ کی مالی ساکھ بہتر اور درپیش مسائل کے خاتمہ کے لئے اقدامات پر گہری نظر رکھی جائے اور ادارہ کے لئے مثبت تجاویز پیش کی جائیں۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت جاری کی کہ زبانی جمع خرچ کرنے کے بجائے ٹھوس اقدامات کئے جائے اور آئندہ اجلاس میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے۔
ترجمان ادارہ ترقیات کراچی کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) سید مقبول باقر کی خصوصی ہدایت پر سندھ گورنمنٹ کے جاری کردہADP فنڈ سے ممبر ٹیکنیکل/ چیف انجینئر طارق رفیع کی نگرانی میں شہر بھر میں متعدد پروجیکٹس جن میں اسکیم 46 کا قیام، کنسٹرکشن آف روڈ،انڈر پاسز، نالہ کی تعمیر، گلیوں کی مرمت سمیت مختلف روڈز پر ادارہ ترقیات کراچی کے ماہر انجینئرز کی نگرانی میں تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔