اب تک کے آنے والے نتائج کے مطابق 18 سے 19 نشستوں پر ایم کیو ایم واضح طور پر کامیاب ہوئی ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سینئر ڈپٹی کنوینر نسرین جلیل ، سید مصطفیٰ کمال، ڈپٹی کنوینر انیس قائم خانی، فیصل سبزواری سمیت دیگر اراکینِ رابطہ کمیٹی کے ہمراہ مرکزی انتخابی دفتر پاکستان ہاؤس میں پریس بریفنگ، ذرائع ابلاغ نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئےڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کراچی کا اپنے لوگوں کو منتخب کرنے اور 2018ء کے دھاندلی زدہ انتخابات کو مسترد کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تک کے آنے والے نتائج کے مطابق 18 سے 19 نشستوں پر ایم کیو ایم واضح طور پر کامیاب ہوئی ہے مزید نشستوں کے نتائج آنا باقی ہیں یقین ہے کہ بقایا نتائج کا فیصلہ بھی کراچی کے مظلوموں کے حق میں ہوگا
ان کا مزید کہنا تھا کہ کیماڑی سہراب گوٹھ سمیت مکمل کراچی نے مل کر جو آج فیصلہ دیا ہے وہ پاکستان بھر کے غریب و متوسط عوام کیلئے ایک نئی امید لیکر ابھرے گا اور ایم کیو ایم پاکستان کراچی کی واضح اکثریت والی جماعت بن کر دوبارہ اپنے لوگوں میں واپس آچکی ہے کل سے ایک بار پھر سے شہری سندھ کی زمہ داری ایم کیو ایم پاکستان کے کاندھوں پر ہوگی۔
اس موقع پر سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی حیدرآباد میرپور خاص کے لوگوں کے نہایت مشکور ہیں یہ اللّٰہ کے حضور سجدہ ریز ہونے کا وقت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس اب ناکام ہونے کا کوئی آپشن موجود نہیں ماضی میں ایم کیو ایم کے لئے قائم نوگو ایریاز میں بھی اس بار پتنگ پر مہر لگائی گئی ہے، باغ جناح کے کامیاب جلسے نے عام انتخابات میں ایم کیو ایم کی کامیابی کی نوید سنا دی تھی۔
سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ہم اس شہر کے مینڈیٹ کو چھیننے یا قبضہ ہونے نہیں دیں گے اس جدو جہد میں ایم کیو ایم کے چھ سے زائد ساتھیوں کی شہادت کے باوجود آج ملنے والی کامیابی ہماری عدم تشدد کی پالیسی کی کامیابی ہے، دن رات محنت کرنے والا ایک ایک کارکن اس کامیابی کا حصّہ دار ہے اب صوبے سے نام نہاد سسٹم کا خاتمہ ہوگا ایم کیو ایم پاکستان کی تمام عوام کوبا اختیار کرنے جارہی ہے۔