منتخب اراکین اسمبلی عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں،انیس قائم خانی
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائم خانی کی سربراہی میں نومنتخب ارکان اسمبلی ، مرکزی شعبہ جات اور ٹاؤن کے ذمہ داران کا اجلاس مرکزی انتخابی دفتر پاکستان ہاؤس میں منعقد ہوا۔
اس موقع پر انیس احمد قائم خانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کراچی اور حیدرآباد کے باشعور عوام نے اپنی جماعت ایم کیو ایم پاکستان پر اپنا بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہمیں واپس اپنی پوزیشن حاصل کرنے میں معاونت فراہم کی ہے جس کے ہم شکرگزار ہیں اور اراکین اسمبلی سمیت تمام ذمہ داران و کارکنان عوام کی خوشحالی اور ترقی اور انکے تمام مسائل حل کرنے کیلئے آج ہی سے اپنی بھرپور جدوجہد کا آغاز کریں ۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں نو منتخب اراکین اسمبلی اپنے حلقے کے عوام کے درمیان رہیں اور عوام سمیت تمام برادریوں سے ملاقات کرکے انکو اس جیت پر مبارکباد پیش کریں اور انکا شکریہ ادا کریں اور انہیں بتائیں کہ آپ کے وارث واپس آپ کے درمیان پہنچ چکے ہیں اور ہم آپ کے حقوق کے حصول اور تمام مسائل کے حل ہونے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے ذمہ داران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ایم کیو ایم پاکستان کی جیت کے جشن منانے کی تیاریاں شروع کریں اور حق پرست عوام کو اس جشن میں شامل کرنا نہ بھولیں کیوں کہ آج کی جیت انہی کی کوششوں کا ثمر ہے۔