ذرائع آمدن میں اضافے کے لیے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں، نوید انور ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی

28

ادارہ ترقیات کراچی کو مستقل بنیادوں پر معاشی استحکام کی پٹری پر لانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، ذرائع آمدن میں اضافے کے لئے نہ صرف نئے ذرائع تلاش کرلئے گئے ہیں بلکہ ان پر عملی اقدامات کرنے کا عمل جاری ہے۔

قوی امکانات ہیں کہ جلد ہی ادارہ نہ صرف مالی طور پر مستحکم ہوگا بلکہ شہریوں پر اعتماد بحال کرنے میں سو فیصد کامیابی حاصل ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی نوید انور نے سوک سینٹر بلڈنگ کی تزئین و آرائش اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نوید انور نے چیف انجینئر طارق رفیع کو احکامات دیئے کہ بلڈنگ میں موجود سیوریج سسٹم، لائٹس، واش رومز کی مرمت، بلڈنگ کے اطراف فٹ پاتھ کی تعمیر اور رنگ و روغن کی نشاندہی کی گئی ہے، مذکورہ کاموں کی تکمیل ایک ماہ کے اندر یقینی بنائی جائے۔

چیف انجینئر کے ڈی اے نے ڈی جی کے ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہر تین فلور پر ایک اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر اور دو سب انجینئر کو تعینات کردیا گیا ہے جبکہ ایگزیکٹو انجینئر بلڈنگ اور ایگزیکٹو انجینئر میکنیکل سول کو روزانہ کی بنیاد پر صفائی و ستھرائی اور جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت رپورٹ پیش کریں گے۔

ڈی جی کے ڈی اے نے سوک سینٹر بلڈنگ میں گراؤنڈ فلور پر سائن ایج اور داخلی و خارجی راستوں پر گیٹ نمبر اور لوگو نصب کرنے کے احکامات جاری کئے۔

انہوں نے چیف سیکورٹی آفیسر میجر عمران کو احکامات دیئے کہ مخصوص پارکنگ ایریا میں صرف گاڑیاں پارک کی جائیں اور پارکنگ کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے اور واک تھرو گیٹ کو مکمل طور پر فعال کیا جائے۔

بعدازاں ڈی جی کے ڈی اے نے انٹرنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اور پولی کلینک کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ چیف انجینئر طارق رفیع، ممبر فنانس ورئیل اندھر، سیکریٹری کے ڈی اے بہزاد میمن، ڈائریکٹر سی اینڈ آئی محمد ارشد، کے ڈی اے بلڈنگ کے ایگزیکٹو انجینئرز و دیگر افسران موجود تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.