شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے مسائل فوری حل کئے جائیں ،ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد
کراچی: ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کی زیر صدارت چیئرمین سیکریٹریٹ کارساز میں فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا
اجلاس میں میئر کراچی کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور کرام اللہ وقاصی، پی پی رہنما سید نجمی عالم، دل محمد سمیت سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان، چیف انجینئر سیوریج آفتاب چانڈیو، چیف انجینئر واٹر حنیف بلوچ، چیف انجینئر ڈبلیو ٹی ایم ظفر پلیجو سمیت تمام سپرینٹنڈنٹگ انجینئرز موجود تھے
اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی نے اجلاس کے دوران واٹر کارپوریشن کے تمام اضلاع کے سپرینٹنڈنٹگ انجینئرز کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر بھر فراہمی و نکاسی آب کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور لائنوں کی صفائی، ٹوٹے مین ہولز کی تعمیر، دھنسنے والی سیوریج لائنوں کی تبدیلی سمیت دیگر امور مکمل کیے جائیں اور تمام ٹاؤن چیئرمین اور یو سیز چیئرمین کے ساتھ مل کر شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں
انہوں نے کہا شہر کی روز بروز بڑھتی آبادی کے پیش نظر فراہمی و نکاسی آب کے مسائل حل کرنا ہمارے منشور میں شامل ہے اس لیے شہر کی مزید بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں
انکا مزید کہنا تھا کہ ہم شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہیں جبکہ نئے ایکٹ کے تحت کراچی واٹر کارپوریشن کو مزید بہتر اور مضبوط بنایا گیا ہے جس کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔