ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کئے جائیں ،ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے شہر بھر میں سندھ حکومت کے جاری کردہ اے ڈی پی فنڈز کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین کو سرجانی انڈسٹریل زون نزد نادرن بائی پاس پر جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں چیف انجینئر کے ڈی اے طارق رفیع نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سرجانی انڈسٹریل زون 200 ایکڑ پر محیط ہے، جس کی باؤنڈری وال اور ڈیولپمنٹ ورک کا کام تیزی سے جاری ہے، انڈسٹریل زون میں 1000 اور 2000 گز کے انڈسٹریل پلاٹس قائم کئے جائیں گے جو کہ شہر کا واحد کہلانے والا انڈسٹریل زون باؤنڈری وال کے اندر موجود ہوگا۔
دورہ کے دوران ڈی جی کے ڈی اے نے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کے ڈی اے سرجانی انڈسٹریل زون کے بورڈز آویزاں کئے جائیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے سرجانی انڈسٹریل زون کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔
انڈسٹریل زون میں جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل رواں برس مکمل کرلی جائے گی، جس سے شہر بھر کے تاجروں اور شہریوں کو ایک جگہ تمام سہولتیں میسر آئیں گی۔
ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین نے فور کے چورنگی تا گلشن معمار روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں اور سیوریج سسٹم کا معائنہ کیا
اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ افرادی و مشینری قوت میں اضافہ کرکے جلد ازجلد ترقیاتی کام مکمل کئے جائیں۔
بعدازاں ڈی جی کے ڈی اے نے عزیز آباد لال قلعہ گراؤنڈ سمیت 5 پارکس کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ پارکس کی تزئین و آرائش جلد ازجلد مکمل کی جائے اور مختصر مدت میں تمام پارکس کی بیوٹی فکیشن مکمل کرکے شہریوں کو صحت مندانہ سہولیات سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے کھولا جائے۔ واضح رہے کہ لال قلعہ گراؤنڈ سمیت پانچ پارکس کی تزئین و آرائش پر تقریباً 4 ملین روپے لاگت آئے گی جبکہ تزئین و آرائش کی تکمیل میں 2 برس کا عرصہ درکار ہوگا۔
علاوہ ازیں چیف انجینئر کے ڈی اے طارق رفیع نے کریم آباد انڈر پاس پر جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ انڈر پاس کے اطراف شہریوں کو پیدل چلنے کیلئے پیڈس قائم کئے جارہے ہیں تاکہ ماہ رمضان میں شہریوں کو آمد و رفت میں کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہوں۔
ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ چیف انجینئر کے ڈی اے طارق رفیع، سپرنٹنڈنٹ انجینئر جنید احمد، ایڈیشنل ڈائریکٹر سرجانی شہزاد، ایگزیکٹو انجینئر سرجانی ٹاؤن نثار و دیگر افسران موجود تھے۔