ذرائع آمدن میں اضافے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں ،ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی
ادارہ ترقیات کراچی کے ذرائع آمدن میں اضافہ کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں جن میں دیگر اداروں سے بقایات جات کی وصولیاں، پلاٹوں سمیت کے ڈی اے اراضیوں کی نیلامی، چارج پارکنگ، بچت بازار کے محصولات اور کرائے کی مد میں آمدنی شامل ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے اعلیٰ افسران پر مشتمل اجلاس کی صدارت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے پروجیکٹ ڈائریکٹر لائنز ایریا شکیل صدیقی کو ہدایت جاری کی کہ پارکنگ پلازہ میں قائم 80 سے زائد دفاتر اور ساتویں فلور کی چھت کو فعال کرنے کے لئے مثبت آراء و تجاویز مرتب کرکے پیش کی جائیں تاکہ کے ڈی اے کی ذرائع آمدن میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہو۔
اس کے ساتھ ساتھ پارکنگ پلازہ کو فعال کرکے لائنز ایریا کے شہریوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کی جائے لہٰذا متعلقہ حکام شہریوں کے بہتر مفاد کے لئے بہترین آراء پیش کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رہائشی، کمرشل، صنعتی، فلیٹ سائٹ اور رفاہی پلاٹوں کے مالکان کو بقایاجات کی ادائیگی کے لئے نوٹسز کے ذریعے باور کرایا جائے تاکہ بقایاجات کی ادائیگی مقررہ وقت پر ممکن ہوسکے، واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں نادہندہ الاٹیز کے پلاٹس منسوخ کردیئے جائیں گے۔
لائنز ایریا میں واقع کے ڈی اے اراضی پر موجود تجاوزات کا سو فیصد خاتمہ یقینی بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔کے ڈی اے اراضیوں کو کسی صورت غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ماضی کی شاندار روایات کے ساتھ عروس البلاد کراچی کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔
اجلاس میں ممبر ایڈمنسٹریشن نوید انور، سیکریٹری کے ڈی اے بہزاد عامر میمن، پروجیکٹ ڈائریکٹر لائنز ایریا شکیل صدیقی و دیگر افسران موجود تھے۔