آزادی ایک نعمت ہے اس کی قدر بے وطن افراد سے پوچھیں، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ سندھ
ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ محکمہ اطلاعات حکومت سندھ محمد سلیم خان نے کہا ہے کہ آزادی ایک نعمت ہے جس کا جتنا شکر ادا کا جائے وہ کم ہے اور نوجوان نسل میں آزادی اور حب الوطنی کی اہمیت کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے این سی آر سی سی ٹی کالج کے زیر اہتمام یوم آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
ڈائریکٹر این سی آر غلام محمود اور نیشنل کورئیر کے چیف ایڈیٹر انیل احمد عثمانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ جن قوموں کے پاس اپنا آزاد وطن نہیں وہ ظلم و جبر کی چکی میں پس رہے ہیں ہمیں اس بات کا ہر لمحہ شکر ادا کرنا چاہئے کہ ہمارے آباﺅ اجداد نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے آزاد وطن کا خواب دیکھا اور اسے عملی جامہ پہنایا۔
انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کا دن ہماری تاریخ میں اس لئے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ قرار داد پاکستان کی منظوری کے صرف 7 سال کے مختصر عرصہ میں پاکستان کا قیام عمل میں آگیا، جوکہ بابائے قوم محمد علی جناح ؒ کی ولولہ انگیر قیادت کا نتیجہ تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ وطالبات نے نہایت جوش و جذبہ کے ساتھ اپنی تقاریر اور ملی نغموں کے ذریعے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے مادر وطن کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کریں گے جوکہ نہایت خوش آئند بات ہے۔
ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ 20 سال قبل کالجوں اور جامعات میں تقاریر اور ملی نغموں کے مقابلے باقاعدگی سے منعقد ہوتے تھے، لیکن اب ان میں واضح طور پر کمی آگئی ہے، ہمیں اس جانب توجہ دینی چاہے، غیر نصابی سرگرمیاں نصابی سرگرمیوں کی طرح ہی اہم ہوتی ہیں ان سے بچوں کی جسمانی نشو و نما میں مدد ملتی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ نے کوئز مقابلے میں کامیاب طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے ۔
این سی آر۔سی ای ٹی کے ڈائریکٹر غلام محمد نے انہیں اپنے ادارے کی شیلڈ پیش کی۔اس موقع پر پرچم کشائی بھی کی گئی۔