کراچی پریس کلب کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے ، ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی
ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین نے کہا ہے کہ صحافی ہر مہذب معاشرے کی عکاسی کرتے ہیں اور کراچی کے صحافی بہت باصلاحیت ہیں جو مشکل حالات میں اپنے فرائض سرانجام دیتے رہے ہیں، صحافی برادری سے ہمیشہ تعلق رہا ہے ، ان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور کراچی پریس کلب صحافیوں سمیت ہر مظلوم طبقہ کی آواز بنتا ہے ، کراچی پریس کلب کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کراچی پریس کلب کی باڈی سے ملاقات کے موقع پر کیا۔
قبل ازیں صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد خان نے انہیں کراچی پریس کلب پہنچنے پر خوش آمدید کہا اس موقع پر جوائنٹ سیکریٹری محمد منصف ، اراکین گورننگ باڈی شعیب احمد ، طاہر صدیقی ، منصور شیخ ، سہیل رب ، فیصل خان ، عبدالجبار ناصر ، مونا صدیقی سمیت دیگر صحافی بھی موجود تھے۔
ڈی جی کے ڈی اے کو صدر و سیکریٹری نے کراچی پریس کلب ہمیشہ آزادی صحافت اور جمہوریت کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ صحافی آج بھی نامسائد حالات میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں کراچی پریس کلب نہ صرف شہر کراچی بلکہ پورے ملک کی تعمیر و ترقی اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کیا ہے ۔
ڈی جی کے ڈی اے نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صحافی اور صحافت ہمیشہ سے ان کا پسندیدہ موضوع رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ صحافیوں سے ہمیشہ اچھا تعلق قائم رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ صحافی ہر مہذب معاشرے کا عکس ہوتے ہیں کیوں کہ وہ معاشرے کے اچھے یا برے ہر قسم کے حالات کی نشاندہی کرتے ہیں ،
انہوں نے کہا کہ وہ صحافیوں کے مسائل سے بھی آگاہ ہیں ، کراچی پریس کلب جمہوریت میں اپنی ایک مثال رکھتا ہے اور صحافیوں کی فلاح و بہبود میں کلب کا کردار بھی لائق تحسین ہے انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ کے ڈی اے کراچی پریس کلب کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
اس موقع پر صدر و سیکریٹری کراچی پریس کلب نے ڈی جی کے ڈی اے کو روایتی سندھ اجرک کا تحفہ بھی پیش کی۔