ترجمان ادارہ ترقیات کراچی نے گریڈ 19 کی ڈی پی سی سے متعلق خبروں کو حقائق کے برعکس قرار دے دیا

23

  ادارہ ترقیات کراچی میں حال ہی میں کی جانے والی گریڈ 19 کی ڈی پی سی کو متنازعہ بنانے کے لئے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سمیت سوشل میڈیا میں بے بنیاد اور حقائق کے برعکس خبریں زیر گردش ہیں ترجمان ادارہ ترقیات کراچی کا پریس ریلیز میں جاری بیان میں کہنا تھا کہ ادارہ ایسی تمام خبروں کی نہ صرف مکمل طور پر تردید کرتا ہے بلکہ اس مذموم عمل کی ہر سطح پر پرزور مذمت کرتا ہے۔

ترجمان ادارہ ترقیات کراچی کا کہنا ہے کہ محکمہ جاتی ترقیاں تمام تر قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عمل میں لائی گئی ہیں جس کے تحت 8 افسران کو ترقیاں دی گئیں جس میں 3 ٹیکنکل اور 5 نان ٹیکنیکل پوسٹیں شامل ہیں۔

مذکورہ ڈی پی سی بتاریخ 17 – 07 – 23 ء کو وزیر بلدیات کو بھیجی گئی، جس کے بعد اسے منٹس میں شامل کرتے ہوئے منظوری دی گئی۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ کو سیکریٹری کے ڈی اے سے جاری کردہ ڈی پی سی کا کورنگ لیٹر No.PA/Secy/KDA/2024/17/L ارسال کیا گیا بعدازاں چیف سکریٹری نے قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے میرٹ کی بنیاد پر افسران کے پروموشن لیٹر جاری کئے۔

ترجمان کے ڈی اے کا مزیدکہنا ہے کہ نجی اخبارات میں غیر مستند خبروں کی اشاعت سے قبل ادارہ ترقیات کراچی کا مؤقف جاننے کی کوشش نہیں کی گئی یہ عمل جانبداری کی نشاندہی کرتا ہے۔

جعلسازی پر مبنی خبروں کی اشاعت پر افسران و ملازمین میں سخت تشویش پائی جاتی ہے، ادارہ ترقیات کراچی کی ساکھ مجروح کرنے والے عناصر کو مذموم مقاصد حاصل کرنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ادارہ ترقیات کراچی کے تمام افسران و ملازمین کا تحفظ اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین کی سربراہی میں تمام افسران و ملازمین متحرک ہیں اور ادارہ کی بہتری کے لئے کوششوں میں مصروف عمل ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.