ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سے ورلڈ بینک کے تجویز کردہ وفد کی ملاقات

19

ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے ورلڈ بینک کے تجویز کردہ وفد سے سوک سینٹر میں قائم اپنے دفتر میں ملاقات کی۔

اس موقع پر ورلڈ بینک کے تجویز کردہ نمائندے آبادکاری کے ماہر پی سی ایم یوپی اینڈ ڈی ڈپارٹمنٹ شیفق رحمان جمرو، ادارہ جاتی کے ماہر کنسلٹنٹ ورلڈ بینک محمد معین، سماجی ترقی کے ماہر کنسلٹنٹ ورلڈ بینک امان احمدجبکہ چیف انجینئر کے ڈی اے طارق رفیع، کے ڈی اے بہزاد عامر میمن، پروجیکٹ ڈائریکٹر لائنز ایریا شکیل صدیقی و دیگر افسران موجود تھے۔

ملاقات کے دوران مشترکہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائن کے تحت شہر کراچی کے انفرا اسٹرکچر میں بہتری اور ری سیٹلمنٹ کے لئے منظم منصوبہ بندی تیار کی جارہی ہے،ادارہ ترقیات کراچی کشمیر روڈ تا خداداد کالونی کے اطراف 3 روڈز کی تعمیر کا ارادہ رکھتا ہے، کورنگی ایکسٹینشن، کشمیر روڈ کو براہ راست شاہراہ فیصل سے منسلک کیا جائے گا جس کے باعث پیریڈی اسٹریٹ اور شاہراہ فیصل پر ٹریفک کے دباؤ میں واضح کمی متوقع ہے۔

ڈی جی کے ڈی اے نے موقع پر ہی ڈپٹی ڈائریکٹر لائنز ایریا وقار الدین کو فوکل پرسن تعینات کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ ورلڈ بینک کے نمائندوں کے ساتھ مزید مضبوط روابط قائم کئے جائیں۔

وفد کے نمائندوں نے ادارہ ترقیات کراچی کی حکمت عملی پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

وفد کے نمائندوں نے مزید کہا کہ ورلڈ بینک کے زیر اہتمام ری سیٹلمنٹ کے لئے ٹریننگ کا عمل جلد شروع کیا جائے گا، ٹریننگ کے عمل میں ادارہ ترقیات کراچی کے افسران شرکت کو یقینی بنائیں۔

بعدازاں ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین نے ادارہ ترقیات کراچی کی جانب سے وفد کے نمائندوں کو سندھ کی ثقافت اجرک و ٹوپی پیش کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.