ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ کا پیپلز پارٹی کے نامزد چیئرمین راشد خاصخیلی کے ہمراہ صفورہ ٹائون کا دورہ
ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ، سید شکیل احمد نے متوقع برسات کے پیش نظر صفورہ ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نالوں کی صورتحال کا جائزہ لیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے نامزد ٹاؤن چیئرمین راشد خاصخیلی بھی موجود تھے۔
انہوں نے چشتی نگر، حبیب یونیورسٹی نالہ، جوہر کمپلیکس نالہ، سن لے بنگلوز، سونگل گوٹھ نالہ، سکندر گوٹھ نالہ اور اردو یونیورسٹی ومختلف مقامات پر قبل ازوقت نصب کئے گئےڈی واٹرنگ پمپس کا معائنہ کیا۔
نالوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر نالوں کی صفائ کیلئے اقدامات بروئے کار لائیں اور جو نالے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ہیں اس سلسلے میں متعلقہ محکمے کی مدد سے نالوں کی صفائ کو ممکن بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ متوقع برسات سے قبل جو وقت مل رہا ہے اسے استعمال میں لا کر نالوں کی صفائ کیلئے زیادہ سے زیادہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ جبکہ جہاں سیوریج لائنوں کی ونچنگ کی ضرورت ہے اس کیلئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سے رابطہ کر کے امور کی انجام دہی کو یقینی بنوایا جائے۔
انہوں نے اردو یونیورسٹی سمیت دیگر مقامات پر ڈی واٹرنگ پمپس نصب کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اہم مقامات پر ڈی واٹرنگ پمپس کی تنصیب تیز برسات میں فوری نکاسی آب میں مددگار ثابت ہوگی۔
اس موقع پر سینئیر ایگزیکٹیو انجنئیر امتیاز بھٹو، ڈائریکٹر انسداد تجاوزات الہی بخش بنبھن، اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجنئیر راشد فیاض ودیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے.