ڈاکٹر عاصم حسین نے ڈپٹی کمشنر طحہٰ سلیم کے ہمراہ ضلع وسطی میں کلین اینڈ گرین مہم کا افتتاح کردیا
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین نے ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی طحہٰ سلیم کے ہمراہ ضلع وسطی کو سرسبز اور صفا ف شفاف بنانے کے لئے فتح فیملی پارک نارتھ ناظم آباد میں فیتہ کاٹ کر دس روزہ ” کلین و گرین” مہم کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پرمیونسپل کمشنر شمعونہ صدف، کراچی ریزیڈنسی فاؤنڈیشن،سول سوسائٹی، ماحولیاتی تنظیموں اور نجی تعلیمی اداروں کی انجمنوں، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا طلبا وطالبات، علاقہ مکینوں کی بڑی تعدادنے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ اپنے گھروں کے اطراف علاقہ کو صاف ستھرا رکھنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے حکومت اور عوام دونوں کا فرض ہے کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور زمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف بھرپور مہم چلائی جائے اور اسکو نصاب کا حصہ بنایا جائے، ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر طہٰ سلیم نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ مہم کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع وسطی کے عوام کو سرسبز، صاف و شفاف اور آلودگی سے پاک شہری اور معاشرتی ماحول مہیاکرنے کے لئے ہر ممکن اقدام کررہے ہیں، یہ دس روزہ مہم جس کو ” کلین اور گرین ”مہم کا نام دیا گیا اسی سلسلے کی کڑی ہے جبکہ مزید پروگرامز ترتیب دینے کے لئے لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ انتظامیہ اور بلدیہ وسطی کے افسران اور ملازمین اپنی اپنی ذمہ داریاں بخوبی پوری کررہے ہیں جس کے سبب ضلع وسطی کو بہتر سے بہتر بنایاجاسکے گا اس موقع پر میونسپل کمشنر شمعونہ صدف نے تقریب میں موجود مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اُمید ظہار کی کہ اس پروگرام میں شریک تمام ادارے اور افراد بلدیہ وسطی کی جانب سے چلائی جانے والی کلین اینڈ گرین مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
بعد ازاں سرکاری و نجی اسکولز کے طلبا نے ماحولیاتی آلودگی اور شجرکاری کو فروغ دینے کے حوالے سے ٹیبلوز پیش کئے اس موقع پر اساتذہ،طلبا وطالبات و دیگر مہمانِ گرامی نے پودے لگائے اور طلبا و طالبات نے دیواروں اور فٹ پاتھ پر رنگ کئے اور پوسٹرز بنائے جس میں مختلف پیغامات درج تھے۔
محکمہ سینی ٹیشن کی جانب سے کچرے اٹھانے سے لیکر ٹھکانے لگانے کا عملی نمونہ پیش کیا گیا جبکہ محکمہ پارک کی جانب سے پودے لگانے اور انکی پرورش کرنے کی آگاہی دی گئی اس موقع پر موجود علاقہ مکینوں اور مختلف کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد نے ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر طحہ سلیم کی جانب سے ضلع کی بہتری کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔