سی ٹی ڈی انٹیلی جنس ونگ کی کورنگی میں کارروائی دو مطلوب ڈکیتوں کو گرفتار
کراچی (عبدالعزیز بلوچ) سی ٹی ڈی کے انٹیلی جنس ونگ نے کورنگی میں کامیاب کارروائیکی جس میں سی ٹی ڈی نے دو مطلوب ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی جہاں اے ایس آئی کفیل اعوان نے ٹیم کے ہمراہ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے میں درجنوں شہریوں کو لوٹنے والے انتہائی مطلوب گینگ کے دو کارندوں کو گرفتار کرلیا۔ انٹیلی جنس ونگ سی ٹی ڈی کراچی کے انچارج راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ سی ٹی ڈی نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا جن میں ایک عدد ریپیٹر اور 30 بور پسٹل شامل ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان اور ان کے ساتھی کشمور اور حیدرآباد پولیس کو بھی مطلوب ہیں۔ گرفتار ملزم ایک خاتون سمیت بارہ افراد گینگ کا رکن ہے۔ سی ٹی ڈی انٹیلی جنس ونگ کے انچارج راجہ عمر خطاب کے مطابق گرفتار ملزم کا پورا خاندان جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہے۔
اے ایس آئی کفیل نے بتایا کہ جون کے مہینے میں گرفتار ملزمان نے اے وی ایل سی کے پولیس اہلکار ہارون کو گولی مار کر زخمی کر دیا تھا جب اس نے ڈکیتی میں مزاحمت کی اور ملزم سے سرکاری نائن ایم ایم پستول چھین کر فرار ہو گئے تھے۔
گرفتار ملزمان اور ان کے ساتھی کورنگی ملیر ندی کے قریب سڑک پر رسی ڈال کر عوام کو لوٹتے تھے جس سے 30 سے زائد وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے۔
سی ٹی ڈی کے انٹیلی جنس آفیسر کفیل اعوان نے بتایا کہ سی ٹی ڈی حکام نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا عمل شروع کر دیا ہے جس سے مزید سنسنی خیز انکشافات کی بھی توقع ہے۔