بابر نظامانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو،ہیڈ توباکو کنٹرول سیل ڈسٹرکٹ ایسٹ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ امپلیمنٹیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی برائے انسداد تمباکو نوشی کا اجلاس بدھ کو ڈپٹی کمشنر ایسٹ کراچی کے دفتر میں منعقد ہوا۔
ڈسٹرکٹ امپلیمینٹیش اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی کی میٹنگ میں پولیس، ٹریفک پولیس، ڈی ایم سی ایسٹ، اوقاف، ڈی جی کالجز، ڈی ای او پرائمری/ سیکنڈری ایسٹ، کے ڈی اے سمیت دیگر ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع میں تمباکو کنٹرول قوانین کی پاسداری کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور متعلقہ ضلعی محکموں میں تمباکو نوشی کی روک تھام کے قوانین کے نفاذ کے حوالے سے ضلعی محکموں کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ امپلیمینٹیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی برائے تمباکو نوشی کی روک تھام کے قوانین کو اے ڈی سی ایسٹ کی سربراہی میں نوٹیفائی کیا گیا ہے، تمام ضلعی محکمے اس کے ممبر ہیں۔
بابر نظامانی نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ایسٹ ڈسٹرکٹ کو تمباکو نوشی سے پاک ماڈل ڈسٹرکٹ بنانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی کی روک تھام کا نفاذ تمام ضلعی محکموں کے تعاون سے ہی ممکن ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے تمام محکموں سے کہا کہ وہ آئندہ نسلوں کو تمباکو کے استعمال کے انسانی صحت پر ہونے والے مہلک اثرات سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں صحت کی سرگرمیوں کو فروغ دے کر اپنی آنے والی نسلوں کو تمباکو کے استعمال کے خطرات سے بچانا ہے۔
تاہم آخر میں ضلعی محکموں کے تمام افسران نے ڈسٹرکٹ ایسٹ میں تمباکو نوشی کی روک تھام کے قوانین کے سختی سے نفاذ کے لیے اپنے اپنے محکموں کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔