بلدیاتی اداروں میں افسران کی عدم دلچسپی اور دفاتر سے مسلسل غیر حاضری سے ملازمین کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے، سجن یونین
سجن یونین ڈی ایم سیز کے رہنماؤں راجہ عاصم شہزاد،عباس احمد،پھول محمد خان،ریحان قاضی،عمران علی اور مرکزی صدر سیدذوالفقارشاہ نےکہا ہے کہ کراچی کے بیشتربلدیاتی اداروں کے افسران کی اداروں میں عدم مو جودگی مسلسل غیر حاضری اور ملازمین کے اُمور میں عدم دلچسپی سے مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ جنوبی کراچی گزشتہ دوماہ سے کورس پر ہونے کے باعث نہ تو چارج چھوڑ رہی ہیں اورنہ ہی دفتر آکر ملازمین کی فائلوں خصوصاً ریٹائرمنٹ کی فائلوں پر دستخط کررہی ہیں جس سے ملازمین سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اور ملازمین کی میڈیکل کی فائیل بھی التواء کا شکار بنی ہوئی ہے جس سے ملازمین علاج معالجے کی سہولت سے محروم ہوگئے ہیں۔
اسی طرح حسب عادت میونسپل کمشنر بلدیہ غربی نے بلدیاتی الیکشن ہوتے ہی دفتر آنا چھوڑ دیا ہے اور گھر سے اور کیمپ آفس بناکر وہاں سے صرف مخصوص فائلوں پر دستخط کررہے ہیں جبکہ مہینوں سے ریٹائرمنٹ اور ملازمین کی دیگر ضروری فائلوں کو التواء میں رکھا ہواہے۔
ان رہنماؤں نے چیف سیکریٹری سندھ اور سیکرٹری بلدیات سندھ سےفوری نوٹس لے کر افسران کو دفاتر میں مو جود رہنے کا پا بند بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔