متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تحت ڈیجیٹل میڈیا کے کارکنان کا اجلاس پاکستان ہاؤس میں منعقد کیا گیا۔
اس موقع پر سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے کہا کہ صرف مردم شماری ہماری ریڈ لائن نہیں اب کراچی کا ہر مسئلہ ہماری ریڈ لائن ہے ،ڈیجیٹل میڈیا کے کارکنان نے جس طرح “مردم شماری ہماری ریڈ لائن”کے ہیش ٹیگ کو ٹاپ ٹرینڈ بنایا جس کی بدولت آج ایوانوں میں کراچی کے ساتھ مردم شماری میں ہونے والی زیادتیوں پر بحث ہو رہی ہے
انہوں نے کہا کہ مردم شماری میں کراچی کے عوام کو کم شمار کیا جارہا ہے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ صرف مردوں کو شمار کیا جارہا ہے خواتین کو نہیں شمار کیا جارہا،ہمیں ہر بار آدھا گنا گیا اور اس بار بھی کم گنے کی سازش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے حوالے سے پاکستان کا فرض اور ہمارا حق ہے کہ ہمیں صحیح گنا جائے یہ شہر 70 فیصد ریونیو دیتا ہے تو یہ تو ملک پلتا ہے۔
اس موقع ڈپٹی کنوینر انیس قائم خانی نے کہا کہ کسی بھی تحریک کا سب سے بڑا اثاثہ اسکے محنتی ، مخلص اور نظریاتی کارکنان ہوتے ہیں اور میرے نظریاتی کارکنان میرا قیمتی سرمایہ ہیں۔ جو تحریک کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اس موقع پر رکن رابطہ کمیٹی و وفاقی وزیر براۓ بحری امور فیصل سبزواری نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا پر متحرک کام موجودہ وقت کی ضرورت اور ایم کیو ایم کے اتحاد کا مظہر ہے، موجودہ ملکی حالات اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ وہی سیاسی جماعت اپنا بیانیہ پھیلانے میں کامیاب ہوگی جو ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز پر متحرک و منظم ہوگی، انہوں نے کارکنان سے کہا کہ آپ کا کام ایم کیو ایم کے مقاصد کی تکمیل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔