کےالیکٹرک ملازمین کی بڑی تعداد میں ملازمتیں ختم کرنے کا فوری نوٹس لیا جائے۔ امتیاز احمد شیخ
سندھ کے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان کو لکھے گئے اپنے خط میں کے الیکٹرک کے محنت کشوں اور ملازمین کی نوکریاں ختم کرنے کے عمل پر فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
امتیاز شیخ نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ بڑی تعداد میں کے الیکٹرک کے ملازمین بالخصوص سندھ سے تعلق رکھنے والے ملازمین کی نوکریاں بغیر کسی وجہ کہ ختم کرنے یا ان ملازمین سے زبردستی استعفیٰ لئے جانے کا نوٹس لیا جائے اور ملازمین کی جائز تکالیف کے فوری ازالے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے اپنے خط میں مزید لکھا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جبکہ سندھ کے عوام سیلابی تباہ کاریوں کے باعث روزی روٹی کے لئے پریشان ہیں، آفت اور مشکل کی اس گھڑی میں کسی قسم کے قانونی ضابطوں کو پورا کئے بغیر کے-الیکٹرک ملازمین اور محنت کشوں کی بڑی تعداد میں نوکریاں ختم کردینے سے صوبے کے عوام کی پریشانیوں، تکالیف اور مشکلات کا بوجھ مزید بڑھادیا گیا ہے۔