وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کا وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن اور بیرسٹرمرتضیٰ وہاب کے ہمراہ پیپلز میرین واک منصوبہ کا افتتاح
وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ساحل سمندر کے کنارے پر واقع ہائپر اسٹار کلفٹن تا دعا چورنگی تک تقریبا ڈیڑھ کلومیٹر طویل فاصلے پر پیپلزمیرین واک منصوبے کا افتتاح کردیا ۔
اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کے ہمراہ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن، وزیر قانون بیرسٹرمرتضیٰ وہاب،ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید محمد علی شاہ، کورآڈینیٹر وزیر اعلیٰ سندھ شہزاد میمن، اسپیشل اسسٹنٹ وزیراعلیٰ سندھ فراز لاکھانی ،پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نجمی عالم، ایم سی کے ایم سی سید شجاعت حسین ،معروف تاجر و صنعتکار شعیب فیروز موجود تھے ۔
پیپلز میرین واک 100 فٹ چوڑے روڈ پر واکنگ ٹریک ،واش رومز ،پلے لینڈ، ریسٹورنٹس، پارکنگ ،واٹر اسپورٹس، پھولوں کی نمائش سمیت مختلف تقریبات اور شہریوں کو تفریحی سہولیات میسر ہوگی ۔
وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن پر عملدرآمد کرتے ہوئے شہریوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے حکومت سندھ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید محمد علی شاہ نے وزیر بلدیات سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز میرین واک پروجیکٹ فیز1 کو حکومت سندھ اور ادارہ ترقیات کراچی کے اشتراک سے ایک سال کی مختصر مدت میں مکمل کیا جائے گا جبکہ پیپلزمیرین واک پراجیکٹ فیز 1کی تکمیل پر100 ملین روپے خرچ کیے جائیں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز میرین واک پروجیکٹ کو انٹرنیشنل معیار کے مطابق مکمل کرنے کے لیے ادارہ ترقیات کراچی کے ماہر وتجربہ کار افسران اپنی صلاحیتوں کو بھرپور استعمال کریں گے ۔
ادارہ ترقیات کراچی شہرکراچی کے باسیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت تفریحی اور صحت مندانہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
افتتاحی تقریب میں چیف انجینئر کے ڈی اے ندیم اقبال ،پروجیکٹ ڈائریکٹر پیپلز میرین واک اقبال یوسف ،ممبر فنانس کے ڈی اے کاشف خان ،سپرنٹنڈنٹ انجینئر طارق رفیع ،پیپلز لیبر یونین کے سرپرست اعلیٰ محمد اشرف و دیگر افسران بھی موجود تھے۔