ایم کیو ایم کے وفد کی ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات،ترجمان ایم کیو ایم
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد کی سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر سید امین الحق، ایاز صادق اور رکن اسمبلی سندھ جاوید حنیف بھی موجود تھے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے وزیر اعظم کو کراچی اور حیدرآباد ڈسٹرکٹ میں ہونے والی مردم شماری کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور اس تشویش کا اظہار کیا کہ دانستہ طور پر ایک بار پھر شہری سندھ بالخصوص کراچی کی آبادی کو کم گِنے جانے کی سازش ہورہی ہے،
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا دانستہ طور پر ایک بار پھر شہری سندھ بالخصوص کراچی کی آبادی کو کم گِنے جانے کی سازش ہورہی ہے،ترجمان ایم کیو ایم
وفد نے وزیراعظم پاکستان کو باور کروایا کہ اگر اس بار بھی کراچی کے ساتھ یہ زیادتی کی گئی تو ایم کیو ایم پاکستان سمیت پورا شہری سندھ نہ صرف یہ کہ اس جعلی اور طے شدہ مردم شماری کے نتائج کو تسلیم نہیں کرے گا بلکہ کراچی کے ساتھ ہونے والی اس مسلسل ناانصافی پر سراپا احتجاج ہوگا۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے مردم شماری کے حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات جلد دور کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے ادارہ شماریات سے تفصیلی رپورٹ منگوانے اور اس مسئلے کو ذاتی توجہ کے ساتھ حل کرنے کا وعدہ کیا۔