کراچی: قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی)نے فیلوز میں تقسیم اسناد کے لئے ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اڈلٹ کارڈیالوجی، پیڈیاٹرک کارڈیالوجی، اڈلٹ کارڈیک سرجری، کارڈیو تھوراسک انستھیزیا، کرٹیکل کیئر، کارڈیک امجنگ، الیکٹروفزیالوجی، انٹروینشنل کارڈیالوجی اور ڈپلومہ ان اڈلٹ کارڈیالوجی میں تربیت مکمل کرنے والے149 ڈاکٹرز میں سرٹیفیکٹس تقسیم کئے گئے،سی پی ایس پی کے صدر، جناب، پروفیسر خالد مسعود گوندل صاحب تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
فیلو ڈاکٹرز، ان کے والدین اور این آئی سی وی ڈی کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے، مہمان خصوصی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے کہا کہ فیلو ڈاکٹرز کے لئے اس عظیم تقریب کا انعقاد کرنا انتہائی فخر اور اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے نہ صرف صوبہ سندھ بلکہ پورے پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم کے شعباجات میں این آئی سی وی ڈی کے پوسٹ گریجوئیٹس پروگرام اور اس کے مثبت اثرات کی تعریف کی۔
پروفیسر گوندل نے مزید کہا کہ قومی ادارہ برائے امراضِ قلب تدریسی عمل اور تحقیق کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لئے پرعزم ہے اور اس کے لئے بہترین اقدامات اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ این آئی سی و ی ڈی تحقیقی ادارے کی حیثیت سے قومی اور بین الاقوامی تعلیمی اداروں میں اعلی ٰ درجہ حاصل کرے اور مسقتبل میں بھی اسی طرح کامیابیاں حاصل کرتا رہے۔
اس موقع پر این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے تقریب میں شرکت کرنے پر شرکاء کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل، فیکلٹی میمبرز اور این آئی سی وی ڈی انتظامیہ کی انتھک محنت کے نتیجے میں یہ سنگِ میل عبور کیاہے۔گریجوئیٹس کے لئے اس تقریب کا انعقاد کرنا بڑے فخر اور اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ این آئی سی وی ڈی کا فیلوشپ پروگرام بہترین ڈاکٹرز کی تیاری پر مرکوز ہے۔جو قائدانہ صلاحیت اور انتظامی مہارت کے اعلیٰ معیار کے ساتھ ساتھ اخلاقی طریقوں سے بھی لیس ہے تاکہ وہ قابل اور ہمدرد ماہرین کی حیثیت سے کام کرسکیں۔ این آئی سی وی ڈی اڈلٹ کارڈیالوجی، پیڈز کارڈیالوجی، اینستھیزیالوجی، کارڈیک سرجری، انٹروینشنل کارڈیالوجی اور الیکٹروفزیالوجی، کارڈیک امیجنگ میں فیلوشپ ٹریننگ کا ایک بڑا مرکز بن چکا ہے اور ہم کارڈیالوجی میں پوسٹ گریجوئیٹ ڈپلومہ کی ٹریننگ بھی کرواتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ بات باعثِ فخر ہے کہ 2015 سے 2023کے دوران 290فیلو ز نے ایف سی پی ایس کار ڈیالوجی 29, نے کارڈیک سرجری، 18 نے پیڈیاٹرک کارڈیالوجی، 8 نے کرٹیکل کیئر، 6 نے اینستھیزیا، 118نے انٹروینشنل کاڈیالوجی، 10نے کارڈیک امیجنگ اور 19نے الیکٹروفزیالوجی میں پوسٹ فیلو ٹرینگ مکمل کی اور اس کے علاوہ 179 ٹرینینز نے اڈلٹ کارڈیالوجی میں ڈپلومہ کلیئر کیا۔
پروفیسر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی کا مشن پورے ملک کے لئے اعلیٰ تربیت یافتہ کارڈیالوجسٹس، کارڈیک سرجنز اور پیڈیاٹرک کارڈیالوجسٹس تیار کرنا ہے۔
اس موقع پر این آئی سی وی ڈی کے چیف آپریٹنگ آفیسر، ڈاکٹرسہیل خان کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی طبّی اور پیرا میڈیکل ٹرینگ فراہم کرنے اور کارڈیک اسپیشلٹیز میں کلینکل تحقیق میں معاونت کرنے والے اہم مراکز میں سے ایک ہے، این آئی سی وی ڈی تعلیم اور طبّی تحقیق میں مزید ترقی حاصل کرنے اور اسے برقرار رکھنے کے لئے پر عزم ہے۔