محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت سندھ کی جانب سے اورنج لائن اور گرین لائن بی آر ٹی سسٹم میں انضمام کرنے والے اورنج لائن ایکسٹینشن کا افتتاح کردیا گیا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ماس ٹرانزٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے اورنگی ٹاؤن کراچی میں واقع اورنج لائن ڈیپو پر اورنج لائن ایکسٹینشن کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے عوامی ضروریا ت کو مدنظٖر رکھتے ہوئے عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب اورنج لائن اور گرین لائن سسٹم کو آپس میں ملادیا ہے،
اب اورنج لائن کی تمام بسیں گرین لائن بورڈ آفس اسٹیشن جائیں گی، جہاں سے مسافر پیدل چلنے والے پل کے زریعے گرین لائن میں سوار ہو جائیں گے، اور جو مسافر گرین لائن سے اتر کر واپس اورنگی جانا چاہیں گے وہ اورنج لائن بس کے زریعے واپس اورنگی جا سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے استفادہ کرنے والے مسافروں کیلئے زیادہ سے زیادہ کرایہ 25 روپے وصول کیا جائے گا، پاکستان پیپلز پارٹی اپنی قیادت صدر مملکت آصف علی زرداری ، چیئرپرسن بلاول بھٹو زرداری کے وژن پر عمل پیرا ہے، پارٹی قیادت کے ویژن اور حکومت سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے احکمات کی روشنی میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے عوام کے لئے منصوبے بنائے جا رہے ہیں،
پاکستان پیپلز پارٹی عوام کو سہولیات کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے، پیپلز پارٹی نعروں پر نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، اورنج لائن اور گرین لائن کے انضمام سے عوام کے لئے سفری آسانیوں میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ خودکار کرائے کی ادائیگی والے کارڈ بننا شروع ہو چکے ہیں، یہ سسٹم ایک ماہ کے اندر مکمل طور پر فعال ہو جائے گا، ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو فوری ریلیف ملے اور کسی قسم کی پریشانی کا سامنا کرنا نہ پڑے۔
ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیڑول کی قیمتوں میں کمی خوش آئند بات ہے اور اس سے عوام کو ریلیف ملے گا، لیکن جب پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا تب بھی ہم نے پیپلز بس سروس کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا تھا، سندھ حکومت پیپلز بس سروس کے کرایوں کو ہر حال میں برقرار رکھے گی۔