پاک کالونی پولیس اور منشیات فروشوں میں فائرنگ کا تبادلہ، دو ملزمان مارے گئے
ملزمان نے سرچ آ پریشن کے دوران پولیس پر حملہ کیا
پاک کالونی پرانا گولیمار میں پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان مارے گئے جبکہ ایک کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا ملزمان کا تعلق گینگ وار گروپس سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک کالونی پرانا گولیمار میں ایس ڈی پی او پاک کالونی علی انور سومرو اور ایس ایچ او پاک کالونی سب انسپکٹر عبدالخالق انصاری کی سربراہی میں پرانا گولیمار میں پولیس پارٹی نے سرچ آپریشن شروع کیا ۔
ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری کے مطابق پرانا گولیمار میں سرچ آپریشن کے دوران پولیس پارٹی پر گینگ وار کے کارندوں نے حملہ کردیا۔ دوران آپریشن گینگ وار / منشیات فروش ریاست جدگال گروہ کے کارندوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کی ۔
آپریشن میں موجود پولیس افسران و جوانوں نے بہادری سے ملزمان کا مقابلہ کرتے ہوئے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا اور پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی اور مقابلے میں دو ملزمان مارے گئے جبکہ آپریشن کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کرکے صورتحال پر قابو پالیا۔ پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں مرنے والے ملزمان کی شناخت بابو حنیف اورعبدالکبیر کے ناموں سے ہوئیں جبکہ محمد ولد جاوید کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔