سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی میں یوسف گوٹھ تا ٹاور پیپلز بس سروس کے روٹ نمبر 8 کا افتتاح کر دیا
کراچی کے علاقے یوسف گوٹھ میں پیپلز بس سروس کے روٹ 8 کی افتتاحی تقریب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) کے رکن صوبائی اسمبلی لیاقت آسکانی، سابق رکن قومی اسمبلی قادر مندوخیل، حبیب جدون، فیصل جاموٹ اور دیگر نے شرکت کی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج نہایت ہی اہم دن ہے کیونکہ آج یوسف گوٹھ تا ٹاور پیپلز بس سروس کا روٹ شروع ہونے والا ہے ، پی پی پی قیادت شب و روز کوشاں ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار دنوں میں نئی بسز سڑکوں پر آئی ہیں اور حکومت سندھ کی جانب سے نئے روٹس شروع کیے گئے ہیں، نئے روٹس سے لاکھوں لوگ مستفید ہوں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ جب پٹرول مہنگا ہوا اور ہم نے بس کے کرائے میں اضافے کی بات تو وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت سندھ عوام پر بوجھ نہیں ڈالے گی اور عوام کو سبسڈی دی جائے گی۔
وزیر اعلی سندھ نے کہا ہے کہ ہم عوام کو سبسڈی دیں گے لیکن لوگوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا بوجھ نہیں ڈالیں گے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے مخصوص پنک بس پیپلز پارٹی نے شروع کی اور بہت جلد خواتین کے لیے پنک ٹیکسی سروس بھی شروع کر رہے ہیں ۔ یہ سارا وژن پیپلز پارٹی کی قیادت کا ہے ۔ آج بھی کراچی میں پاکستان کے سب سے زیادہ اچھے اسپتال ہیں ۔
این آئی سی وی ڈی کچھ عرصے بعد دنیا کا بڑا اسپتال بن کر سامنے آئے گا۔شرجیل میمن نے کہا کہ مشکل وقت پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہے ۔ سیلاب متاثرین کے لیے بلاول بھٹو زرداری 21 لاکھ گھر بنوا رہے ہیں ۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا پراجیکٹ ہے۔ ایک پارٹی کے لیڈر نے کہا میں نے سیلاب متاثرین کے لیے 5 ارب روپے جمع کیے ہیں، وہ پیسے کہاں گئے؟ وفاقی حکومت انکوائری کرے کہ جو پیسے عمران خان نے جمع کیے وہ سیلاب متاثرین کے لیے استعمال ہوئے یا سوشل میڈیا پر دہشت گردی کے لیے استعمال ہوئے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا متنازع ترین الیکشن 2018 کا تھا ۔
آصف زرداری 12 سال جیل میں رہے، کبھی انہوں نے جوڈیشری پر حملے نہیں کیے ۔ پھر بھی آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا جب کہ آج سزا یافتہ قیدی کا بس نہیں چلتا کہ وہ پاکستان کو کتنا نقصان پہنچایا جائے ۔ آئی ایم ایف کو خط لکھا گیا، اس سے بڑی ملک دشمنی کیا ہوسکتی ہے؟ کیا ہمارے لیڈر گرفتار نہیں ہوئے؟ انہوں نے کبھی 9 مئی جیسے واقعات رونما کیے؟
پیپلز پارٹی نے بدترین زیادتیاں برداشت کیں لیکن ملک دشمنی نہیں کی ۔شرجیل میمن نے کہا کہ ہر شخص کو سیاست کرنے کا حق ہے لیکن سیاست اور دہشت گردی میں آپ کو فرق کرنا ہوگا ۔ زمان پارک میں پولیس عمران خان کو گرفتار کرنے گئی تو انہوں نے پیٹرول بموں سے حملے کیے۔بھارت اور اسرائیل جیسے ملک سے فنڈنگ پر آپ کو جواب دینا ہوگا کہ وہ آپ کی کیوں حمایت کر رہے ہیں۔ ملک کو آئین، ایٹمی قوت، صوبائی خودمختاری، صوبہ خیبر پختونخوا کو نام دینے والی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔