عید الفطر سے قبل تنخواہوں اور پینشن کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا، ندیم اقبال قائم مقام ڈی جی کے ڈی اے
کے ڈی اے افسران و ملازمین کے بنیادی حقوق کی فراہمی ادارہ ترقیات کراچی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ماضی قریب میں ادارہ اپنے ملازمین کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے وسائل کی کمی کے باوجود ہر ممکن اقدامات کرتا رہا ہے۔
اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے افسران وملازمین کے لئے عید الفطر سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی سمیت پنشن ادا کرنے کے لئے سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا, ان خیالات کااظہار قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ندیم اقبال نے گزشتہ روز سوک سینٹر اپنے دفتر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر قائم مقام ڈی جی کو فسران نے تنخواہوں کی ادائیگی کے بارے میں مفصل آگاہ کیا۔
قائم مقام ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے ندیم اقبال نے کہا کہ حکومت سندھ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق افسران وملازمین کو عید الفطر سے قبل کی تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے تمام شعبہ جاتی افسران متعلقہ شعبہ کے تنخواہوں کے بل محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں جمع کرائیں تاکہ عید سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے اور افسران و ملازمین عید کی خوشیاں اہل و عیال کے ساتھ اچھے سے مناسکیں۔
اجلاس میں ممبر فنانس کے ڈی اے کاشف خان، ممبر ایڈمن نوید انور، سیکریٹری کے ڈی اے خالد ظفر ہاشمی، ڈائریکٹر آئی ٹی سید کمال احمد صدیقی،ڈائریکٹر فنانس ورئیل اندھر و دیگر افسران موجود تھے۔