سندھ حکومت کی جانب سے نیو کراچی فیکٹری حادثے میں شہید ہونے والے لواحقین کو پچاس لاکھ روپے، ملازمت اور تاحیات تنخواہیں دینے کا اعلان ،وزیر بلدیات ناصر شاہ

155

صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں نیو کراچی صنعتی ایریا میں آگ لگنے کے واقعہ میں فیکٹری کی عمارت گرنے سے شہید ہونے والے تمام فائٹرز کے لواحقین کو سندھ حکومت کی جانب سے پچاس لاکھ روپے ،ایک ایک سرکاری ملازمت اور بیواؤں کو تاحیات پوری تنخواہیں ادا کی جائیں گی۔

جبکہ وہ واقعہ میں زخمی ہونے والے فائر فائٹرز کو ہرممکن علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جس کے تمام اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی جبکہ ان کی مالی امداد بھی کی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید و زخمی فائرفائٹر کے گھروں میں جا کر تعزیت اور زخمیوں سے عیادت کے موقع پر کیا ۔وزیر اعلیٰ سندھ کے کوآرڈینیٹر شہزاد میمن اور میونسپل کمشنر کے ایم سی سید شجاعت حسین بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

انہوں نے اس موقع پر متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور دلی دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے سندھ حکومت لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے ۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کے لئے حاضر ہوا ہوں ۔کسی بھی جان کا نعم البدل نہیں ہوسکتا مگر شہید فائر فائٹرز کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے انہیں مکمل سپورٹ کریں گے ۔

بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات ہیں کہ شہید اہلکاروں کے خاندانوں کی ہرممکن دادرسی اور امداد کی جائے ۔وزیر بلدیات نے کہاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے اس قسم کے حادثات سے فائرفائٹرز کو محفوظ رکھنے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے ۔

ناصر حسین شاہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام فائر اسٹیشنز پر حفاظتی سامان کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے جو بھی کمی ہے اسے دور کیا جائے ۔فائر بریگیڈ کے ادارے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے ۔

عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے فائرفائٹرز قومی ہیروز ہیں جو کہ اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دوسروں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کی پرواہ نہیں کرتے ،ہم شہیدفائرفائیٹرز کو خراج عقیدت اور زخمی فائرفائٹر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.