برسات ہو یا نہ ہو، مون سون سیزن سے قبل ڈی ایم سی ایسٹ کے زیر نگرانی نالوں کو صاف کر دیں گے، سید شکیل احمد
ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ، سید شکیل احمد نے کہا ہے کہ اپریل کے مہینے میں ہونے والی بارشوں کی پیشن گوئ کے بعد سے میں اور افسران سڑکوں اور علاقوں میں ہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ برسات ہو یا نہ ہو، مون سون سیزن سے قبل ڈی ایم سی ایسٹ کی زیر نگرانی آنے والے نالوں کو صاف کر لیا جائے
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن اقبال میں باغ رضوان کے نزدیک ڈسکو بیکری لیمو گوٹھ اور سوک سینٹر کے اطراف نالہ صفائ کے کام کے معائنے کے دوران کیا
انہوں نے ہدایت کی کہ نالوں کی صفائ کے بعد نکلنے والے سلٹ کو فوری طور پر ٹھکانے لگانے کا بندوبست کیا جائے، نالے صاف ہونے کے بعد کہیں بھی گند نظر نہیں آنی چاہیئے،
انہوں نے کہا کہ عوام کو پریشانی سے بچانا اولین ترجیح ہے نہیں چاہتے کہ برسات کی صورت میں ضلع شرقی میں کہیں بھی برساتی پانی جمع ہو،برسات کی صورت میں نالہ صفائ کے ساتھ ڈی واٹرنگ پمپس کی مدد سے نکاسی آب کے امور سر انجام دیکر عوام کو ریلیف فراہم کرینگے،
اس موقع پر افسران نے انہیں ضلع شرقی میں نالہ صفائ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نالہ صفائ کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر کام کئے جارہے ہیں جسے جلد مکمل کرلیا جائے گا۔
فوکل پرسن امتیاز بھٹو، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی ایم، ارشاد علی اور اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجنئیر، راشد فیاض ودیگر ان کے ہمراہ موجود تھے.